لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف پیمرا کا نوٹیفکیشن کالعدم قرار دینے سے متعلق سماعت ہو رہی ہے۔
عدالتی رپورٹنگ پر پابندی سے متعلق پیمرا کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عابد عزیز شیخ کر رہے ہیں۔
سرکاری وکیل کی جانب سے درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کرنے کی استدعا کی گئی جبکہ درخواست گزار کے وکیل کا کہنا تھا پیمرا کا یہ نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل اے 10 کی خلاف ورزی ہے۔
پیمرا کی جانب سے پابندی کے باعث سماعت کی رپورٹنگ نہیں کی جارہی، درخواست میں پیمرا اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ پیمرا نے 21 مئی کو عدالتی کارروائی رپورٹ کرنے پر پابندی کا نوٹفکیشن جاری کیا، پیمرا کا نوٹیفکیشن آئین کے آرٹیکل 19 اور 19 اے کی خلاف ورزی ہے۔
درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی ہے کہ لاہور ہائیکورٹ پیمرا کا پابندی سے متعلق نوٹیفکیشن کالعدم قرار دے، عدالت درخواست پر فیصلے تک پیمرا کا نوٹیفکیشن معطل کرے۔