راولپنڈی: کمرہ عدالت میں نامناسب رویے کے مظاہرے پر فیڈرل سیکریٹری کو گرفتار کرلیا گیا، جج نے قید اور جرمانے کی سزا سنادی، ممبر پرائم منسٹر ٹاسک فورس آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام محمد عمر ملک ایک مقدمے میں مدعی کے طور پر پیش ہوئے تھے۔
سول جج جوڈیشل مجسٹریٹ عادل سرور سیال کی عدالت میں ایک مقدمے کی پیروی کے لیے پیش ہونے والے مدعی مقدمہ کی جانب سے اختیار کیے گئے ہتک آمیز رویہ سلوک اور بدتمیزی پرعدالت نے فوری نوٹس لیتے ہوئے مدعی مقدمہ ممبر پرائم منسٹر ٹاسک فورس آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام کوکمرہ عدالت سے گرفتار کروادیا۔
عدالت نے سیکشن 228 کے تحت 15 روز قید اور 2 ہزار روپے جرمانہ ادائیگی کی سزا سنا دی۔ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں فیڈرل سیکرٹری کو 5 روز مزید قید کی سزا بھگتنا ہوگی۔
فیڈرل ممبر ٹیلی کام محمد عمر ملک ایک مقدمے میں مدعی کے طور پر عدالت میں پیش ہوئے تھے تاہم دوران سماعت عدالت میں نامناسب اور ہتک آمیز رویے اور بدتمیزی پر عدالت نے سیکشن 228 تحت ٹرائل کیا اور سزا کا حکم سنادیا۔
ممبر آئی ٹی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جا رہا ہے عدالتی حکم کے تحت جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں فیڈرل ممبر آئی ٹی کو پانچ روز مزید قید بھگتنا ہوگی۔