الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، وزیراعظم

 اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے ہیں۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے ملک کی معروف کاروباری شخصیات کے وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں شہزاد سلیم، زید بشیر، مصدق ذوالقرنین اور شہریار چشتی شریک تھے۔

وفد نے وزیرِ اعظم کو ملکی معیشت کو درست سمت میں گامزن کرنے اور کاروبار و سرمایہ کاری کیلئے موزوں ماحول فراہم کرنے پر خراجِ تحسین پیش کیا جبکہ بجٹ کے حوالے سے کاروباری برادری میں پزیرائی کے بارے آگاہ کیا۔

وفد نے اس امید کا اظہار کیا کہ بجٹ سے ملک میں کاروباری سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہونگے. شرکا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ الحمدللہ ملک معاشی طور پر درست سمت میں گامزن ہے، بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات شامل کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملکی معیشت مستحکم اور بیرونی سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا، بجٹ اقدامات کے نفاذ کیلئے حکومتی ٹیم سرگرم ہے اور ہماری اولین ترجیح ملکی برآمدات میں اضافہ ہے۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ برآمدی صنعت کی ترقی کیلئے بجٹ اقدامات یقینی بنا رہے ہیں، برآمد کندگان کو فوری ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے، صنعت، زراعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں ترقی سے معیشت کو مزید استحکام اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کریں گے۔