عید الاضحیٰ : وزیر اعظم شہباز شریف اور پاک فوج کے مبارکباد کے پیغامات : ایثار و قربانی کے جذبے کی ترویج میں اپنا اپنا کردار ادا کریں، شہباز شریف

عید الاضحیٰ کے موقع پر وزیر اعظم شہباز شریف اور پاک فوج نے مبارکباد کے پیغامات دیے ہیں۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عیدالاضحٰی کے موقع پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے ”ایکس“ پر اپنی پوسٹ میں لکھا کہ عیدالاضحیٰ کےموقع پر تمام مسلمانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انھوں نے لکھا کہ اس دن کی اہمیت کو سمجھ کر اتحاد و یگانگت کو فروغ دیں، ایثار و قربانی کے جذبے کی ترویج میں اپنا اپنا کردار ادا کریں۔

پاک فوج کی مبارکباد

آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سروسز چیفس نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر تمام پاکستانیوں کو مبارکباد پیش کی ہے۔

پاک فوج کے بیان میں کہا گیا ہے کہ عید الاضحیٰ کا مقدس و بابرکت موقعہ قربانی کے عظیم تر جذبے کی یاد دلاتا ہے، اس مبارک دن پر ہم وطن کی آزادی اور امن کے لئے اپنے شہداء اور غازیوں کے مقروض ہیں۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ وطن کیلئے شہداء اور غازیوں کی لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ پاکستان پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے، اور اللہ تعالیٰ پاکستان کو دشمنوں کے مذموم عزائم سے محفوظ رکھے، آمین۔

وزیراعطم کی مبارک باد

وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اسلامی جمہوریہ ایران کے قائم مقام صدر محمد مخبر سے عید الاضحیٰ کے پر مسرت موقع پر ٹیلیفونک رابطہ کیا۔

وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق شہباز شریف نے ایران کی حکومت، برادر عوام اور بالخصوص سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کو عید الاضحیٰ کی مبارکباد پیش کی۔

دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے دوطرفہ اور علاقائی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ رواں برس اپریل میں مرحوم ایرانی صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی کے پاکستان کے تاریخی دورے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے دورے کے دوران طے شدہ اہم مقاصد کے حصول کے لیے کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا تاکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کیا جاسکے۔