پی ٹی آئی نے تمام ریڈ لائنیں عبور کیں، ان جیسا مفاہمت نہیں کر سکتا: اسحاق ڈار

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے 9 مئی کو تمام ریڈ لائنیں عبور کیں، ان کے جیسا مفاہمت والا کچھ نہیں کر سکتا جب تک ان کا فیصلہ نہ ہو۔

سینیٹ میں خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو ایک اور 9 مئی کر دیا ہے، ملک کو بدنام کرنا بند کریں، جو بندے مارے گئے آپ ان کے شناختی کارڈ دکھا دیں، ساتھ چل کر تحقیقات کراتے ہیں، ڈیتھ سرٹیفکیٹ ایشو کراتے ہیں۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ نہ انہوں نے 2018 میں اور نہ 2024 میں ہی کچھ کیا، ہم الیکشن میں میدان میں تھے کہ ہم مل کر راستہ نکالیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی پر مقدمہ نہیں بنایا، بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالتیں ریلیف بھی دے رہی ہیں جو ریلیف ان کو ملتا ہے ان کو ملنا چاہیے۔

سینیٹ اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ہمارے سیاسی اختلاف ہونے چاہییں لیکن ہم اس کو ذاتی دشمنی کے بھنیٹ نہیں چڑھا سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے ہر ایشو کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کی بجائے ہمیں ایک دوسرے سے تعاون کرنا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خبر سامنے آئی تھی کہ وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان رابطے بحال ہوگئے ہیں۔

خبر کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے پی ٹی آئی رہنماؤں نے اسپیکر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں بیرسٹر گوہر، عمر ایوب، صاحبزادہ حامد رضا اور وزیر قانون و پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ بھی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ کا پلیٹ فارم استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا، مذاکرات کیلئے پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کی تجویز اسپیکر نے دی، ان کی تجویز کو پی ٹی آئی اور حکومت دونوں نے تسلیم کر لیا تھا۔

ذرائع کا دعویٰ ہے کہ پی ٹی آئی مذاکرات کیلئے اپنے پیشگی مطالبات سے پیچھے ہٹ گئی، پی ٹی آئی 9 مئی اور 26 نومبر پر جوڈیشل کمیشن چاہتی ہے۔