جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینیئر رہنما اور سینیٹر کامران مرتضیٰ نے مدارس کی رجسٹریشن سے متعلق بل پر صدر کے اعتراضات سے متعلق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو خط لکھا دیا۔
اپنے خط میں جے یو آئی نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل پر صدر مملکت کے اعتراضات مانگے ہیں۔
خط میں لکھا گیا ہے کہ اس بل کے تحت ہی پارلیمنٹ نے دینی مدارس کی رجسٹریشن کی منظوری دی تھی، صدر مملکت آصف زرداری کی طرف سے اٹھائے گئے اعتراضات کی نقول فراہم کی جائیں۔
خط میں اسپیکر کی جانب سے ان اعتراضات کو ایڈریس کرنے کیلئے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرنے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ دسمبر کے پہلے ہفتے میں صدر مملکت آصف زرداری نے مدارس رجسٹریشن کا بل اعتراض لگا کر واپس بھجوادیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان نے چیئرمین پی پی بلاول بھٹو سے ملاقات میں مدارس رجسٹریشن بل پر صدر کے دستخط نہ کرنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
حکومتی ذرائع کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے آئندہ کوئی بھی تعاون مدرسہ رجسٹریشن بل کی منظوری سے مشروط کردیا ہے۔
حکومتی ذرائع نے بتایا کہ بلاول بھٹو کا حکومت کے اعلیٰ عہدیداروں سے رابطہ ہوا جس میں انہوں نے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز دی تھی جس میں بعض دیگر بلز بھی منظوری کیلئے پیش کیے جانے تھے۔