اسلام آباد:
جمعیت علما اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے احتجاج کی اب کوئی اہمیت باقی نہیں رہی ہے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ تحریک انصاف کی جانب سے مسلسل احتجاج کی کالز کے بعد اب 24 نومبر کے احتجاج کی کوئی اہمیت نہیں رہی۔
انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی میں مؤثر حکمت عملی بنانے والے لوگ نہیں ہیں۔
مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے احتجاج کی کال کا وقت مناسب نہیں اور انہیں دوبارہ اس کے حوالے سے سوچنا ہوگا۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے 24 نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال دی ہے، جس کی کامیابی کے لیے بشریٰ بی بی بھی متحرک ہیں اور انہوں نے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے ساتھ پارٹی عہدیداروں کو بھی اہم ہدایات دی ہیں۔
اُدھر حکومت نے بھی تحریک انصاف کا احتجاج روکنے کیلیے اسلام آباد میں ابھی سے اقدامات شروع کردیے ہیں جبکہ وفاقی دارالحکومت میں دو ماہ کیلیے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے ایف سی کو بھی طلب کرلیا گیاہے۔