جسمانی ریمانڈ کی استدعا، عدالت نے رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا

اسلام آباد انسداد دہشتگری عدالت نے بارودی مواد برآمدگی کیس میں سی ٹی ڈی کی 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی رہنما رؤف حسن کوجوڈیشل ریمانڈ پرجیل بھیج دیا۔

ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کوانسداد دہشتگری عدالت پیش کردیا گیا۔ رؤف حسن کوایک روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پرعدالت پیش کیا گیا۔ رؤف حسن کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں بارودی مواد برآمدگی کامقدمہ درج ہے۔ ترجمان پی ٹی آئی رؤف حسن کیخلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں دہشتگردی کا مقدمہ درج ہوا۔

سی ٹی ڈی نے عدالت سے رؤف حسن کے 7 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کردی۔ کیس کی سماعت انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کیا کہ گزشتہ سماعت میں جو ریمانڈ کی درخواست دی تھی اسی کی دوبارہ کاپی نکال لی، کچھ تبدیلی کرلیتے۔ جج نے استفسار کیا کہ بات ٹی ٹی پی تک رکی ہوئی یا آگے بڑھی ہے؟

وکیل علی بخاری نے کہا کہ گزشتہ سماعت کے آرڈر پر ایک بات کرنا چاہوں گا، اگراکاؤنٹس کی تفصیلات جاننی تھی تو وہ آن لائن چیک کیا جا سکتا تھا۔

جج طاہر عباس سپرا نے ریمارکس دیے کہ سینیئر وکیل ہونے کے ناطے آپ کو آرڈر پر اعتراض ادھر نہیں کرنا چاہیے، ہائیکورٹ جانا چاہیے۔

بعدازاں جج طاہر عباس سپرا نے سی ٹی ڈی کی 7 روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے رؤف حسن کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔