اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کی رہنما صنم جاوید کی دہشتگردی کے مقدمے میں 7 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کر لی اور پولیس کو انہیں گرفتار کرنے سے روک دیا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے درخواست پر سماعت کی ، صنم جاوید اپنے وکیل احد کھوکھر کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔ عدالت نے صنم جاوید کو 7 دنوں میں متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔
صنم جاوید نے دہشتگردی کے مقدمے میں حفاظتی ضمانت کے لیے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ مقدمے میں بلا جواز گھسیٹا جا رہا ہے، ایف آئی آر میں نامزد ملزمہ نہیں ہوں، پٹیشنر پر الزام نہیں کہ وہ غیر قانونی طور پر اکٹھے اجتماع کا حصہ تھی۔
درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ میانوالی کے تھانہ موسیٰ خیل میں درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت دی جائے تاکہ متعلقہ عدالت سے رجوع کیا جا سکے۔