تمام پاکستانی مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں: صدر آصف زرداری

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان مون سون شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مون سون شجرکاری مہم کے لیے جاری کیے گئے اپنے پیغام میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مون سون شجر کاری مہم قدرتی حسن اور وسائل کے تحفظ کا اہم پہلو ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ بڑھتے ماحولیاتی مسائل کے پیشِ نظر شجر کاری کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی، رسول اللّٰہ ﷺ نے بھی درخت لگانے کی ترغیب دی ہے۔

صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ پاکستان کے کُل رقبہ کا صرف 5 فیصد حصہ جنگلات سے ڈھکا ہوا ہے، لکڑی کی بڑھتی مانگ اور دیگر زمینی استعمال کے باعث جنگلات پر شدید دباؤ ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ جنگلات کا فروغ پاکستان کے ترقیاتی ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے، زیادہ سے زیادہ درخت لگا کر ملک میں جنگلات کے فروغ کا قومی مقصد حاصل کیا جا سکے گا۔