منشیات کیس کے ملزمان کی درخواست ضمانت پر سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ نے سی سی پی او لاہور کی رپورٹ مسترد کر دی۔
عدالت نے سی سی پی او کو دوبارہ رپورٹ سمیت پیش ہونے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس عالیہ نیلم نے منشیات کیس کے ملزم شکیل اور دیگر کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے اے آئی جی لیگل محمد حسین چوہان کی سخت سرزنش کی۔
عدالت نے ریمارکس دیے کہ آپ محض مفروضوں پر کام کرتے ہیں، عدالت میں سی سی پی او نے حقائق کے برعکس رپورٹ پیش کی، آپ نے عدالتی کارروائی کی کس طرح غلط تشریح کی۔ کیا آپ عدالت کی انکوائری کریں گے۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ پولیس افسر کی کیسے جرات ہوئی کہ وہ کہے ہم موجود تھے مگر سرکاری وکیل موجود نہیں تھے۔
واضح رہے کہ درخواست گزاروں نے منشیات کیسز میں رہائی کے لیے درخواست ضمانتیں دائر کر رکھی ہیں۔
درخواست گزاروں کے مطابق پولیس کی تفتیش مکمل نہ کرنے اور ریکارڈ پیش نہ کرنے پر وہ ضمانتوں کے حق سے محروم ہیں، عدالت درخواست ضمانت بعد از گرفتاری منظور کرکے رہائی کا حکم دے۔