لاپتہ افراد کے مسئلے پر الارمنگ صورتِحال ہے، لوگ عدالت آناچھوڑ چکے: سندھ ہائی کورٹ

سندھ ہائی کورٹ نے 2 سگے بھائیوں سمیت 6 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس میں اپنے ریمارکس میں کہا ہے کہ لاپتہ افراد کے مسئلے پر لوگ پریشان ہیں، عدالت آناچھوڑ چکے ہیں، اس وقت بہت الارمنگ صورتِ حال ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں 2 سگے بھائیوں سمیت 6 لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر جسٹس نعمت اللّٰہ پھلپوٹو نے سماعت کی۔

عدالت نے تفتیشی افسران کی کارکردگی پر برہمی کا اظہارِ کرتے ہوئے 2 شہریوں سے متعلق رپورٹ جاری نہ کرنے پر نادرا حکام کو شوکاز جاری کر دیا۔

عدالت نے کمشنر کراچی، آئی جی سندھ، سی آئی اے سے بھی رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے لاپتہ شہری زبیر سے متعلق تمام صوبوں اور ملک بھر کی جیلوں سے رپورٹ طلب کر لی۔

عدالت نے شہریوں کے کوائف، اخبارات اور عوامی مقامات پر چسپاں کرنے کا حکم دیتے ہوئے لاپتہ زبیر سمیت دیگر کی ٹریول ہسٹری بھی 4 ہفتوں میں طلب کر لی۔