لاہور ہائیکورٹ کا قیدیوں پر تشدد اور جیلوں میں اموات سے متعلق تحریری حکم جاری

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے قیدیوں پر تشدد اور جیلوں میں اموات سے متعلق تحریری حکم جاری کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے آمنہ ریاض کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکم جاری کیا، درخواست گزار کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ پیش ہوئے۔

درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ یہ ایشو بہت سادہ سا ہے، جیلوں میں قیدیوں کی ہلاکتیں اور تشدد کے واقعات عام ہوچکے ہیں، جیلوں میں قیدیوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا جارہا ہے۔

وکیل درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت جیلوں میں قیدیوں کو مکمل تحفظ فراہم کرنے کا حکم جاری کرے۔

درخواست گزار کی استدعا پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے یکم جنوری 2024 سے لیکر ستمبر 2024 تک جیلوں میں قیدیوں پر تشدد کے واقعات کی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس عالیہ نیلم نے حکم دیا کہ آئی جی جیل خان جات پنجاب آئندہ سماعت پر مکمل تفصیلات جمع کروائیں۔

عالیہ نیلم کی جانب سے جاری کردہ تحریری حکم میں کہا گیا کہ جیلوں میں رواں برس قیدیوں کی اموات اور ان کی وجوہات سے متعلق بھی رپورٹ پیش کی جائے۔

تحریری حکم میں کہا گیا کہ قیدیوں پر تشدد کے خلاف درج شکایات کی مکمل تفصیلات پیش کی جائے اور قیدیوں کا میڈیکل کروانے سے متعلق بھی تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔