آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے نائب روسی وزیراعظم نے ملاقات کی جس کے دوران خطے کی صورتحال اور دیگر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف نے روس سے روایتی دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق روسی نائب وزیراعظم نے انسداد دہشت گردی کے لیے افواج پاکستان کی کوششوں کو سراہا اور خطے میں فروغ امن کے لیے اس کے کردارکی تعریف کی۔
واضح رہے کہ روس کے نائب وزیر اعظم پاکستان کے 2 روزہ دورے پر اسلام آباد میں موجود ہیں، اعلیٰ سطح کا ایک وفد بھی روسی نائب وزیر اعظم کے ہمراہ ہے۔
روسی نائب وزیر اعظم اپنے دورے میں صدر آصف علی زرداری، وزیر اعظم شہبازشریف اور نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحق ڈار سے ملاقاتیں کریں گے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے ایک بیان میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان جذبہ خیرسگالی اور اعتماد پر مبنی خوشگوار تعلقات ہیں جو کثیرجہتی دوطرفہ تعاون کی عکاسی کرتے ہیں۔