اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا نے نااہلی اور بدنظمی پر الیکشن کمیشن کے 3 افسران کو 120 دن کے لیے معطل کر دیا۔
الیکشن کمیشن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر سندھ شریف اللہ، ڈائریکٹر ایڈمن الیکشن کمیشن سندھ اظہرحسین ٹنواری کو نااہلی اور بدنظمی پر معطل کیاگیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق الیکشن افسر کراچی خدا بخش کو بھی معطل کر دیا گیا ہے اور ہدایت کی ہے کہ تینوں افسران انکوائری مکمل ہونے اور اگلے احکامات تک کراچی میں رہیں گے جبکہ جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر علی اصغر سیال کو قائم مقام الیکشن کمشنر سندھ تعینات کر دیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 17 ستمبرکی رات پپری کراچی میں اسٹرانگ روم کے تالوں کو زبردستی توڑ کر مختلف پولنگ اسٹیشنزکے بیگز کو نقصان پہنچایا گیا جس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ انکوائری کمیٹی میں جوائنٹ صوبائی الیکشن کمشنر سندھ نذر عباس، ڈائریکٹر وسیم احمد اور آر ای سی لاڑکانہ عبدالوحید شامل ہیں۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کمیٹی تین دن میں تحقیقات مکمل کرکے اپنی رپورٹ دے گی۔