ملالہ یوسفزئی کا غزہ متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی فنڈ کا اعلان

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے غزہ کے متاثرین کے لیے ہنگامی امدادی فنڈ کا اعلان کردیا۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں ملالہ یوسفزئی نے کہا کہ وہ غزہ متاثرین کے لیے مزید 3 لاکھ ڈالر رقم جاری کررہی ہیں جو فلطسینی بچوں کے بحالی کے لیے کام کرنے والی انسانی حقوق کی تنظیموں کو دی جائے گی۔

ملالہ کے مطابق فنڈ سے غزہ کے بچوں کے لیے خوراک، صاف پانی اور طبی امداد سمیت دیگر ضروریات کا انتظام کیا جائے گا۔

ملالہ یوسفزئی کا غزہ متاثرین کیلئے ہنگامی امدادی فنڈ کا اعلان
فوٹو: اسکرین شاٹ/سوشل میڈیا

ملالہ نے اپنے بیان میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا بھی مطالبہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ غزہ کے ان فلطسینی بچوں کے بارے میں روز سوچتی ہیں جن پر اسرائیل بم برسا رہا ہے، ان کے گھر اور اسکول تباہ کردیے گئے اور وہ اپنے پیاروں سے بچھڑ کرتنہا رہ گئے ۔

واضح رہے کہ ملالہ فنڈ اکتوبر 2023 میں بھی انسانی حقوق تنظیموں کے لیے 3 لاکھ ڈالر جاری کرچکا ہے۔