آرٹیکل 63 اے فیصلہ کالعدم قرار دیئے جانے پر سابق وزیراعلی پنجاب و نائب صدر مسلم لیگ ن حمزہ شہباز شریف کا ردعمل سامنے آگیا۔
حمزہ شہباز نے اپنے بیان میں کہا کہ آرٹیکل 63 اے کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر سپریم کورٹ نے آئین کو دوبارہ لکھنے کے عمل کو غلط قرار دیا۔ گزشتہ فیصلے کو بنیاد بنا کر پنجاب میں حکومت کو گرایا گیا تھا۔
حمزہ شہباز نے مزید کہا کہ جمہوری عمل کا راستہ روکنے کے حربے کو سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیا ہے، آئین کی تشریح کے بجائے اس میں تحریف کی گئی تھی، معزز عدالت کے متفقہ فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
یاد رہے کہ حمزہ شہباز 30 اپریل 2022ء کو وزیر اعلیٰ پنجاب بنے تھے تاہم سپریم کورٹ کی جانب سے آرٹیکل 63 اے کیس کے فیصلے کے بعد لاہور ہائی کورٹ نے حمزہ شہباز کا بطور وزیراعلیٰ پنجاب انتخاب کالعدم قرار دے دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس پر فیصلہ سنایا تھا کہ منحرف رکن اسمبلی کا پارٹی پالیسی کے برخلاف دیا گیا ووٹ شمار نہیں ہوگا۔
آج اس فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیلیں منظور کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے منحرف اراکین کا ووٹ شمار نہ کرنے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا۔