5 دہائیوں بعد چاند پر قدم رکھنے والے انسانوں کیلئے نئے اسپیس سوٹ تیار

5 دہائیوں بعد انسان ایک بار چاند پر جانے کے لیے تیار ہیں اور وہاں جانے والے خلا بازوں کے لیے نئے ڈیزائنر اسپیس سوٹ تیار کرلیے گئے ہیں۔

فیشن ڈیزائنر پراڈا اور خلائی کمپنی Axiom Space کے تیار کردہ اسپیس سوٹ ڈیزائن کو متعارف کرایا گیا ہے۔

یہ اسپیس سوٹ ناسا کے آرٹیمس 3 مشن کے دوران خلا باز استعمال کریں گے۔

ستمبر 2026 میں شیڈول آرٹیمس 3 مشن کے ذریعے انسانوں کی 50 سال سے زائد عرصے بعد چاند کی سطح پر واپسی ہوگی۔


مگر اس بار انسان چاند کے اس مقام پر اتریں گے جہاں وہ پہلے کبھی نہیں گئے اور وہ ہے چاند کا قطب جنوبی۔

اٹلی کے شہر میلان میں ایک خلائی کانفرنس کے موقع پر نئے اسپیس سوٹ متعارف کرائے گئے۔

Axiom Extravehicular Mobility Unit (اے ایکس ای ایم یو) نامی اسپیس سوٹ کو چاند کے قطب جنوبی کو مدنظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

چاند کے اس خطے میں خلا بازوں کو زیادہ سرد ماحول کا سامنا ہوگا۔

Axiom کے مطابق اس اسپیس سوٹ کے اندر متعدد سسٹمز نصب کیے گئے ہیں جبکہ ایک تشخیصی نظام بھی موجود ہے جو خلا بازوں کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔