کئی ممالک میں واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام سروسز متاثر

رات گئے پاکستان، بھارت، امریکا سمیت کئی ممالک میں واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک کی بندش نے صرافین کو پریشان کردیا، صارفین کو لاگ اِن کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق دنیا بھر سے صارفین نے میٹا سروسز میں تعطل کی اطلاع دی۔ لیکن بندش کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔

میٹا سروسز میں تعطل کے بعد صارفین نے مسئلے کی نشاندہی کیلئے ”ایکس“ کا رُخ کیا۔

ایکس پر پاکستان سمیت دنیا بھر سے صارفین نے بتایا کہ فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ سے میسجز نہیں جا رہے، اس کے علاوہ آڈیو اور ویڈیو کالنگ سروسز بھی معطل ہیں۔ صارفین نے تھریڈز کی سروس بھی معطل ہونے کی شکایت کی ہے۔

صارفین نے بتایا کہ ان کا فیس بک اکاؤنٹ خود بخود لاگ آؤٹ ہوگیا ہے۔

اس معاملے پر میٹا نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر جاری بیان میں کہا کہ ایک تکنیکی مسئلے کی وجہ سے کچھ صارفین کو ہماری ایپس تک رسائی میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ہم چیزوں کو جلد از جلد معمول پر لانے کے لیے کام کر رہے ہیں اور کسی بھی تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔

ڈاؤن ڈیٹیکڑ کے مطابق نیویارک کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بج کر 51 منٹ تک 23 ہزار سے زیادہ صارفین نے انسٹاگرام ، 51 ہزار سے زیادہ صارفین نے فیس بک اور 12ہزار سے زیادہ صارفین نے واٹس ایپ سروس کے حوالے مسائل کے بارے میں رپورٹ دی۔

واٹس ایپ استعمال کرنے صارفین میں سے 83 فیصد نے پیغامات بھیجنے میں مسائل کو رپورٹ کیا جب کہ 78 فیصد لوگوں نے انسٹاگرام موبائل ایپ میں مسائل کے حوالے سے بتایا۔

پی آئی ایکس 11 نے ان سماجی رابطوں کے پلیٹ فارمز کی مالک کمپنی میٹا کے نمائندے سے رد عمل جاننے کے لیے رابطہ کیا لیکن اس کی جانب سے فوری طور پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔