ٹک ٹاک کی مالک کمپنی کا اے آئی اسمارٹ گلاسز کی تیاری کا اعلان

ٹک ٹاک کی سرپرست کمپنی بائیٹ ڈانس مصنوعی ذہانت (اے آئی) پر مبنی اسمارٹ گلاسز کی تیاری میں مصروف ہے۔ امریکی جریدے دی انفارمیشن کی رپورٹ کے مطابق، کمپنی دو مختلف اے آئی گلاسز پر کام کر رہی ہے جن کی تیاری بڑے پیمانے پر کی جائے گی۔

یہ پہلا موقع ہے جب بائیٹ ڈانس اتنی بڑی سطح پر کسی اے آئی ڈیوائس کی تیاری کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی نے اس منصوبے کے لیے ٹیکنالوجی کے ماہرین کو بھی بھرتی کیا ہے۔

بائیٹ ڈانس کی ترجیح یہ ہے کہ اسمارٹ گلاسز نہ صرف اعلیٰ معیار کی تصاویر اور ویڈیوز ریکارڈ کر سکیں بلکہ ان کی بیٹری لائف بھی متاثر کن ہو۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ان اسمارٹ گلاسز پر کام کا آغاز 2024 میں ہوا، اور کمپنی اس وقت سپلائرز سے رابطے میں ہے تاکہ فیچرز کو حتمی شکل دی جا سکے۔

خیال رہے کہ بائیٹ ڈانس اور کوالکوم کے درمیان رواں سال فروری میں موبائل ورلڈ کانگریس کے موقع پر شراکت داری کا اعلان کیا گیا تھا، جو کہ وی آر ہیڈسیٹس کے لیے تھا، تاہم اب اسے اسمارٹ گلاسز تک بھی توسیع دی جا سکتی ہے۔