انسٹاگرام پر کم عمر صارفین کے لیے مشکلات، لائیو براڈکاسٹ پر والدین کی اجازت لازم

میٹا نے انسٹاگرام پر 16 سال سے کم عمر صارفین کے لیے نئی پابندیاں نافذ کر دیں، جن کے تحت اب وہ بغیر والدین کی اجازت کے لائیو براڈکاسٹ نہیں کر سکیں گے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ اقدامات بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔ "ٹین اکاؤنٹس" سیٹنگ کے تحت 13 سے 15 سال کے صارفین کو خاص طور پر سخت نگرانی میں رکھا جائے گا، اور سیٹنگز میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے لیے والدین کی منظوری لازمی ہو گی۔

میٹا نے حالیہ سالوں میں کئی حفاظتی فیچرز متعارف کروائے ہیں، جن میں رات گئے ایپ کے استعمال کی روک تھام، اجنبی افراد کی جانب سے میسجنگ پر پابندی، اور حساس مواد تک رسائی کی حدبندی شامل ہیں۔

نئے اقدامات اس وقت کیے جا رہے ہیں جب میٹا کو دنیا بھر میں تنقید کا سامنا ہے کہ وہ کم عمر صارفین کو کافی حد تک محفوظ ماحول فراہم نہیں کر رہا۔