اب چیٹ جی پی ٹی بھی انسانوں کی طرح پرانی باتوں کو یاد رکھ سکے گا۔
اوپن اے آئی نے اعلان کیا ہے کہ اب چیٹ جی پی ٹی میں "میموری" کی نئی خصوصیت شامل کر دی گئی ہے، جس کی بدولت یہ چیٹ بوٹ ماضی کی گفتگو کو یاد رکھے گا اور وقت کے ساتھ آپ کو بہتر انداز میں جواب دے سکے گا۔
سام آلٹمین، جو اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو ہیں، انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر بتایا کہ چیٹ جی پی ٹی کی میموری کو کافی بہتر بنایا گیا ہے، اور اب یہ صارف سے بات کرتے ہوئے پرانی گفتگو کے حوالے بھی دے سکے گا۔
اوپن اے آئی کے مطابق، میموری کا یہ فیچر 2023 سے ترقی کے مرحلے میں تھا، جب "کاسٹیوم انسٹرکشنز" کے ذریعے ابتدائی آزمائش شروع ہوئی تھی۔ اب اسے باقاعدہ طور پر متعارف کرایا گیا ہے۔
اس نئے فیچر کے ذریعے صارف چیٹ جی پی ٹی کو بتا سکے گا کہ وہ کون ہے، اسے کیا پسند ہے، یا اس کا خاندان کتنے افراد پر مشتمل ہے — اور چیٹ جی پی ٹی یہ سب یاد رکھ کر آئندہ گفتگو میں استعمال کرے گا۔
مثال کے طور پر، اگر آپ نے پہلے بتایا ہو کہ آپ کا خاندان چار افراد پر مشتمل ہے تو جب آپ کھانے کی کوئی ترکیب مانگیں گے تو وہ اسی حساب سے جواب دے گا۔
اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ جتنا زیادہ کوئی صارف چیٹ جی پی ٹی کو استعمال کرے گا، یہ اتنا ہی بہتر ہوتا جائے گا اور ماضی کی گفتگو کی بنیاد پر مزید ذاتی نوعیت کی مدد فراہم کرے گا۔
یہ فیچر فی الحال صرف وہ صارفین استعمال کر سکیں گے جو چیٹ جی پی ٹی پلس یعنی سبسکرپشن ورژن استعمال کر رہے ہیں۔
ابھی تک کمپنی نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فیچر مفت صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگا یا نہیں۔
البتہ، اگر کوئی صارف یہ نہ چاہے کہ چیٹ جی پی ٹی اس کی باتیں یاد رکھے تو وہ سیٹنگز میں جا کر اس میموری فیچر کو بند بھی کر سکتا ہے۔