مریخ پر جانے کا خواب چکنا چور، ایلون مسک کا اسٹار شپ دورانِ پرواز پھٹ گیا

دنیا کے سب سے بڑے اور طاقتور راکٹ ’اسٹار شپ‘ نے منگل کی شام ٹیکساس کے اسپیس ایکس اسٹار بیس سے کامیابی سے پرواز بھری، لیکن تقریباً 66 منٹ کی متوقع پرواز کے دوران خلائی جہاز بحرِ ہند میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے بعد ایلون مسک کا مریخ پر انسان بھیجنے کا خواب ایک بار پھر مؤخر ہو گیا۔

اڑان بھرنے کے کچھ دیر بعد اس میں مسائل آنے لگے۔ راکٹ کا پہلا حصہ جسے بوسٹر کہتے ہیں، پانی میں گِر کر محفوظ انداز میں واپس آنا تھا، مگر وہ ہوا میں ہی پھٹ گیا۔ دوسرا حصہ جسے اسٹار شپ کہا جاتا ہے، خلا میں اپنی منزل کی طرف گیا، لیکن وہاں جا کر اس کا کنٹرول ختم ہو گیا۔ آخر میں یہ حصہ بھی بحرِ ہند میں جا گِرا۔

ایلون مسک نے اس ناکامی کے باوجود کہا،’اگلے تین تجرباتی مشنز کی رفتار تیز کی جائے گی، ہر 3 سے 4 ہفتوں میں ایک لانچ کیا جائے گا۔‘

اس راکٹ کی اہمیت کیا ہے؟

اسٹار شپ وہ طاقتور راکٹ ہے جس پر ایلون مسک کا مریخ پر انسان بھیجنے اور وہاں زندگی بسانے کا خواب ٹکا ہوا ہے۔ ناسا بھی اسی راکٹ کو چاند پر انسانوں کو لے جانے کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔ اس لیے اس کی ہر آزمائش پوری دنیا کی نظر میں ہے۔

گو کہ یہ تجربہ بھی کامیاب نہیں ہوا، لیکن اسپیس ایکس ہار ماننے کو تیار نہیں۔ راکٹ بنانے والی ٹیم نے کچھ اہم کامیابیاں بھی حاصل کیں، جیسے کہ بوسٹر کو مخصوص جگہ پر پکڑنا، جو مستقبل میں اپنی غلطی سدھارنے میں بہت فائدہ دے سکتا ہے۔

ایلون مسک کا خواب ہے کہ انسان صرف زمین تک محدود نہ رہے، بلکہ مریخ پر بھی زندگی بسائے۔ وہ کہتے ہیں، ’ہم پھر کوشش کریں گے، اور کامیاب ہوں گے۔‘