بل گیٹس کی مستقبل میں ملازمتوں سے متعلق حیران کن پیشگوئی

مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس نے ایک دہائی کے اندر مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی حیرت انگیز ترقی کی پیشگوئی کی ہے، جس کے مطابق طب تعلیم اور دیگر کئی شعبوں میں انسانی ماہرین کی ضرورت باقی نہیں رہے گی۔

ایک حالیہ انٹرویو میں بل گیٹس نے کہا کہ ابھی تک مختلف شعبوں میں ہمیں ڈاکٹرز، اساتذہ اور دیگر ماہرین کی ضرورت ہوتی ہے، مگر آئندہ دس سال میں یہ صورتحال بدل سکتی ہے۔ ان کے مطابق اے آئی ٹیکنالوجی اس حد تک ترقی کر لے گی کہ وہ خود بیماریوں کی تشخیص کرے گی علاج تجویز کرے گی اور طلبہ کو تعلیم فراہم کرے گی جس سے ان شعبوں میں انسانوں کا کردار کم ہو جائے گا۔

بل گیٹس نے خبردار کیا کہ اے آئی کی برق رفتاری سے ترقی کئی ملازمتوں کو ختم کر سکتی ہے اور دنیا میں کام کا روایتی تصور بدل جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ مستقبل میں کل وقتی ملازمت کی ضرورت کم ہو جائے گی، کاروباری ہفتے کا دورانیہ مختصر ہو جائے گا، اور انسانوں کے لیے زیادہ فارغ وقت میسر ہوگا۔

بل گیٹس کے مطابق یہ ٹیکنالوجی کمپیوٹر، موبائل اور انٹرنیٹ سے بھی زیادہ انقلابی اثر ڈال سکتی ہے۔ اگرچہ کچھ لوگوں کے لیے یہ خوفزدہ کر دینے والی پیشگوئی ہو سکتی ہے لیکن ان کا خیال ہے کہ طویل مدتی بنیادوں پر یہ ایک مثبت تبدیلی ہوگی کیونکہ اس سے انسانوں کی زندگی آسان اور زیادہ سہولت بخش ہو جائے گی۔