سوشل میڈیا پر حد سے زیادہ وقت گزارنا نوجوانوں کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، کیونکہ یہ ذہنی صحت کے مسائل جیسے ڈپریشن، انزائٹی اور تناؤ میں نمایاں اضافے کا باعث بنتا ہے۔ سنگاپور کے انسٹیٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ کی ایک تحقیق کے مطابق، جو نوجوان روزانہ تین گھنٹے سے زیادہ سوشل میڈیا استعمال کرتے ہیں، ان میں ذہنی دباؤ کا خطرہ کئی گنا بڑھ جاتا ہے۔ تحقیق میں 15 سے 35 سال کی عمر کے 2600 افراد کو شامل کیا گیا، جس سے معلوم ہوا کہ ہر تین میں سے ایک فرد نے ڈپریشن، انزائٹی یا شدید تناؤ کی علامات کو رپورٹ کیا۔ تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ جسمانی ساخت سے متعلق خدشات رکھنے والے نوجوانوں میں انزائٹی، ڈپریشن اور تناؤ کے امکانات بالترتیب 4.3 گنا، 4.9 گنا اور 4.5 گنا زیادہ ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال نہ صرف ذہنی دباؤ کو بڑھاتا ہے بلکہ خود اعتمادی پر بھی منفی اثر ڈالتا ہے، جس کے باعث نوجوانوں کو نفسیاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

سوشل میڈیا کا زیادہ استعمال ڈپریشن اور انزائٹی کا خطرہ کئی گنا بڑھ سکتا ہے: تحقیق