ویسے تو آج کل بیشتر کمپنیوں کی جانب سے اپنی سروسز میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹولز اور فیچرز کو شامل کرنے پر زیادہ کام کیا جا رہا ہے۔ مگر واٹس ایپ نے مختلف راستہ اپنایا ہے اور میسجنگ پلیٹ فارم نے ایک ایسا فیچر متعارف کرایا ہے جسے حالیہ برسوں میں کی جانے والی سب سے کارآمد اپ ڈیٹ قرار دیا جا سکتا ہے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ کے اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے نئے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔ اس فیچر کے تحت گروپ چیٹس میں میسجز پر ریپلائیز کو ایک تھریڈ میں دکھایا جائے گا اور وہ میسجز الگ ظاہر نہیں ہوں گے۔ اس سے صارفین کے لیے کسی مخصوص میسج پر کیے جانے والے ریپلائیز کو دیکھنا آسان ہو جائے گا کیونکہ وہ ایک ہی جگہ موجود ہوں گے، گروپ چیٹ میں جگہ جگہ پھیلے ہوئے نہیں ہوں گے۔
ابھی واٹس ایپ میں صارفین کسی میسج پر جب ریپلائی کرتے ہیں تو وہ الگ الگ ظاہر ہوتے ہیں اور کئی بار انہیں اکٹھے دیکھنا مشکل ہو جاتا ہے، خاص طور پر اگر دوستوں کی جانب سے مختلف موضوعات پر بیک وقت بات کی جا رہی ہو۔ تو بظاہر یہ اپ ڈیٹ چھوٹی محسوس ہوتی ہے مگر یہ میسجنگ کے لیے متعارف کرائے جانے والے چند بہترین فیچرز میں سے ایک ہے، جس کا انتظار برسوں سے صارفین کر رہے ہیں۔
جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں سامنے آیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ اسے کب تک تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔ مگر امکان یہی ہے کہ اسے جلد متعارف کرا دیا جائے گا۔