دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے اپنی اے آئی سروس میں ایسا فیچر شامل کیا ہے جو روایتی ٹائپنگ کے بجائے تصویر کی بنیاد پر سوالات کے جوابات دے سکتا ہے۔
یہ فیچر جیمنائی نامی آرٹیفیشل انٹیلیجنس ماڈل پر مبنی ہے جو تصویر میں موجود اشیاء کو شناخت کرتا ہے، ان کا تعلق سمجھتا ہے اور پھر واضح اور کارآمد جوابات فراہم کرتا ہے۔
مثال کے طور پر اگر آپ کسی نامعلوم آلے یا کسی کمرے کی تصویر گوگل کو دکھائیں گے، تو یہ نہ صرف اس شے کی پہچان کرے گا بلکہ یہ بھی بتائے گا کہ اس کا استعمال کیسے ہوتا ہے یا اس جگہ کی بہتری کیسے کی جا سکتی ہے۔
گوگل کا کہنا ہے کہ یہ فیچر صارفین کو پیچیدہ موضوعات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دے گا، اور اس میں یوٹیوب ویڈیوز سمیت متعدد متعلقہ نتائج شامل ہوں گے۔
گوگل نے واضح کیا ہے کہ یہ سہولت فی الحال صرف امریکا میں دستیاب ہے، مگر جلد ہی دوسرے ملکوں میں بھی پیش کی جائے گی۔