گوگل میپس میں تین نئے اے آئی ٹولز متعارف

گوگل میپس میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے کچھ نئے ٹولز متعارف کرائے جا رہے ہیں، جو کمپنیوں اور شہروں کو سڑکوں کی بہتری، ٹریفک کے نظام کی بہتری، اور مقامی رجحانات کی شناخت میں مدد فراہم کریں گے۔

ان فیچرز تک رسائی فیس کے ذریعے حاصل کی جائے گی، اور ان کا مقصد مختلف اداروں، جیسے کہ ٹریفک پولیس، کو فیصلہ سازی میں مدد دینا ہے۔ ایک ٹول، امیجری انسائیٹ، اسٹریٹ ویو اور ورٹیکس اے آئی کا استعمال کرتے ہوئے کھمبوں اور سٹریٹ سائنز کی شناخت میں مدد کرتا ہے۔

پلیسز انسائیٹس نامی ٹول کاروباری اداروں کو مخصوص علاقوں کے رجحانات کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے، جبکہ روڈز منیجمنٹ انسائیٹس ٹریفک ڈیٹا کا تجزیہ فراہم کرتا ہے تاکہ حادثات کے ممکنہ مقامات اور ٹریفک جام کے مسائل کی شناخت کی جا سکے۔ کمپنی کے مطابق، یہ ٹولز آنے والے مہینوں میں دستیاب ہوں گے۔