مارکیٹ پر قبضہ کے لیے نیا منصوبہ: ایپل کا سال میں دو بار آئی فونز متعارف کرانے پر غور

آئی فون لانچز کا روایتی انداز اب ماضی کا قصہ بننے والا ہے کیونکہ ایپل 2026 سے نئے آئی فونز کو دو مرحلوں میں متعارف کرانے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔
اس اقدام کا مقصد مارکیٹ میں تسلسل رکھنا، منافع کو متوازن کرنا اور جغرافیائی انحصار کو کم کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو ماڈلز کو معمول کے مطابق ستمبر 2026 میں لانچ کیا جائے گا، جبکہ عام ماڈلز کو 6 ماہ بعد یعنی 2027 کے آغاز میں پیش کیا جائے گا۔
ایپل کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی ممکنہ طور پر انہی پرو ماڈلز کے ساتھ پیش کیا جائے گا جو ایپل کی موبائل ٹیکنالوجی میں ایک نیا باب ہوگا۔
اس کے علاوہ سب سے پتلے آئی فون 17 ائیر کی رونمائی رواں سال متوقع ہے، جس کا اپڈیٹڈ ورژن 2026 میں دوبارہ متعارف کرایا جائے گا۔
کمپنی سستے آئی فونز کی پروڈکشن بھارت منتقل کرنے پر بھی غور کر رہی ہے تاکہ چین پر انحصار کم ہو سکے اور امریکی ٹیرف کے اثرات سے بچا جا سکے۔