پاکستان ریلویز نے کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین رابطہ بحال کردیا

پاکستان ریلویز نے کوئٹہ سے اندرون ملک ٹرین رابطہ بحال کر دیا، کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کے بعد ٹرین سروس معطل کی گئی تھی۔

سی ای او ریلوے عامر علی بلوچ نے بتایا کہ آج جعفر ایکسپریس مقررہ وقت پر کوئٹہ سے روانہ کر دی گئی ہے، بولان میل بھی اپنے مقررہ ایام میں ٹائم ٹیبل کے مطابق چلے گی، فیصلہ سیکیورٹی کلیئرنس کے بعد مسافروں کی سہولت کے لیے کیا گیا۔

یاد رہے کہ محکمہ ریلویز نے کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر خودکش دھماکے کے بعد امن و امان کے پیش نظر دیگر شہروں کے لیے ٹرین سروس معطل کی تھی۔

9 نومبر بروز ہفتے کو کوئٹہ ریلوے اسٹیشن پر بم دھماکے میں 28 افراد جاں بحق اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے تھے۔