وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں سائبر کرائم کے مقدمے میں ضمانت کے بعد کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو رہا کر دیا گیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی ضیا باجوہ نے گزشتہ روز اوریا مقبول جان کی ضمانت منظور کی تھی۔
اس موقع پر اوریا مقبول جان کی طرف سے میاں علی اشفاق ایڈوکیٹ نے دلائل دیے تھے، ضمانت منظور ہونے کے بعد آج اوریا مقبول جان کو جیل سے رہا کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ 22 اگست 2024 کو وفاقی تحقیقاتی ادارے نے کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کو لاہور سے گرفتار کیا تھا۔
جس کے بعد 22 اگست کو ضلع کچہری لاہور نے سائبر کرائم مقدمے میں کالم نگار اور تجزیہ کار اوریا مقبول جان کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا تھا۔
3 ستمبر 2024 کو لاہور کی سیشن کورٹ نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم کے مقدمے میں گرفتار نامور تجزیہ کار اور کالم نگار اوریا مقبول جان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔
4 ستمبر کو ایف آئی اے نے نامور تجزیہ کار اور کالم نگار اوریا مقبول جان کو مذہبی منافرت پھیلانے کے مقدمے میں بھی گرفتار کرلیا تھا۔
5 ستمبر کو مذہبی منافرت پھیلانے کے کیس میں اوریا مقبول جان کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔