وزیر دفاع خواجہ آصف نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی جانب سے اپنے شوہر عمران خان کی حکومت کے خاتمے میں مبینہ غیر ملکی سازش کے حوالے سے کیے گئے دعوؤں اور سعودی عرب پر الزامات کو شرمناک قرار دے دیا۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا کہ بشریٰ بی بی کے سعودی عرب پر الزامات افسوسناک ہیں، سعودیہ کے ساتھ ہمارے تاریخی تعلقات ہیں، بیان میں قابل اعتماد شخص کی طرف اشارہ کیا گیا، اب بشریٰ بی بی اپنے آپ کو شریعت کہہ رہی ہیں۔
خواجہ آصف نے کہا کہ اگر بشریٰ بی بی شریعت ہے تو اللہ ہی حافظ ہے، اپنی ڈوبتی کشتی بچانے کے لیے ایسی حرکت گھٹیاں ہیں، جنرل باجوہ کو ذاتی حیثیت میں الزام کی تردید کرنی چاہیئے، دوست ممالک میں ہمارے 28 لاکھ افراد کام کرتے ہیں، ایسی سیاسی پستی پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی۔
وزیر دفاع نے مزید کہا کہ تحریک انصاف میں خواتین کے درمیان جھگڑا چل رہا ہے، یہ سارا جھگڑا سیاسی جماعت کی وراثت کے لیے ہورہا ہے، بھاوج اور نندوں کے درمیان کشمکش چل رہی ہیں، جس ملک کا نام لیا گیا اس سے گھڑیاں لے کر کاروبار کیا۔