مسجد الحرام میں بجلی کا متبادل نظام، 40 سال سے استعمال کی نوبت ہی نہ آئی

مسجد الحرام میں بجلی کا متبادل بیرونی نظام گزشتہ 4 دہائیوں سے استعمال کرنے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔

عرب میڈیا کے مطابق مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ کے امور کی جنرل پریزیڈنسی کے سی ای او غازی الشھرانی نے بتایا ہے کہ مسجد الحرام میں بجلی کی فراہمی کے 11 سے زائد بنیادی اور بیک اپ ذرائع موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا ہے کہ گزشتہ 40 برس سے مسجد الحرام میں بیرونی بیک اپ استعمال کرنے کی ضرورت ہی پیش نہیں آئی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے غازی الشھرانی نے کہا کہ مسجد الحرام میں 24 گھنٹے زائرین کی آمد و رفت رہتی ہے جس کے باعث یہاں سہولتوں کی فراہمی بہت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اس وقت اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر اسمارٹ ایسٹ اینڈ سروسز مینجمنٹ ایپلیکیشنز اور جدید ترین سینسرز کو اپنانے پر کام کر رہے ہیں تاکہ خدمات کی فراہمی اور معیار کو بہتر کیا جا سکے۔