شریف خاندان کے ارکان پر پرتشدد حملے کا خطرہ، انٹیلی جنس مانیٹرنگ سسٹم کی اطلاع، لندن پولیس نے خبردار کردیا

لندن میں شریف خاندان کے ارکان کو نامعلوم افراد کی طرف سے پُرتشدد حملے کا خطرہ ہے، میٹ پولیس نے شریف خاندان کے ارکان کو اس حوالے سے خبردار کردیا ہے۔ 

ذرائع کا کہنا ہے کہ ویسٹ مڈلینڈز پولیس نے لندن کی میٹروپولیٹن پولیس کو ممکنہ حملے کے خطرے سے آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ مڈلینڈز پولیس کو حملے سے متعلق اطلاع انٹیلی جنس مانیٹرنگ سسٹم سے ملی۔

ذرائع کا کہنا تھاکہ اسکاٹ لینڈ یارڈ کے افسران نے ایون فیلڈ فلیٹ میں جاکر شریف فیملی کے ارکان کو خطرے سے آگاہ کیا۔

پولیس نے شریف فیملی کے ارکان سے کہا ہے کہ وہ چوکنا رہیں اور آمد و رفت میں احتیاط برتیں۔

دو ہفتہ قبل گلفام حسین کو پولیس نے ایون فیلڈ کے باہر سے گرفتار کیا تھا جبکہ انہیں فلیٹس کے قریب آنے سے منع کردیا گیا تھا۔

تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گلفام حسین کی گرفتاری کا ویسٹ مڈلینڈز پولیس کے انتباہ سے تعلق نہیں۔

شریف خاندان نے حملے کے خطرے سے متعلق رابطہ کرنے پر کوئی جواب نہیں دیا۔ شریف خاندان کے بیشتر افراد اب پاکستان منتقل ہوچکے ہیں۔