امریکی صحافی کا ٹرمپ کے سامنے گٹھنے ٹیکنے سے انکار، استعفیٰ دے دیا

امریکی صحافی جِم اکوسٹا نے صدر ٹرمپ کے سامنے گٹھنے ٹیکنے سے انکار کرتے ہوئے سی این این سے استعفیٰ دے دیا۔ جم گزشتہ 18 سال سے سی این این کے ساتھ وابستہ تھے اور پریس بریفنگز میں ڈونلڈ ٹرمپ سے اپنے اختلافات کی وجہ سے اکثر توجہ کا مرکز بنے۔

جم اکوسٹا نے اپنے استعفے کے بعد الوداعی پیغام میں کہا کہ ’ایک آمر کے سامنے جھکنے کا کبھی بھی کوئی اچھا وقت نہیں ہوتا۔ جھوٹ اور خوف کے سامنے گھٹنے نہ ٹیکیں، سچائی اور اُمید کو تھامے رکھیں۔‘

سی این این کی انتظامیہ نے ٹرمپ کے دوبارہ صدر منتخب ہونے کے بعد اکوسٹا کا ایئرٹائم دن سے رات کے وقت منتقل کر دیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے جِم اکوسٹا کے سی این این چھوڑنے کو ایک ”اچھی خبر“ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے لیے خوشی کا لمحہ ہے۔

اکوسٹا اور ٹرمپ کے درمیان کئی مرتبہ تنازعات دیکھے گئے، خاص طور پر پریس بریفنگز کے دوران جہاں اکوسٹا نے ٹرمپ کی پالیسیوں اور بیانوں پر سوالات اٹھائے تھے، جس کی وجہ سے وہ کئی بار تنازعے کا شکار ہوئے۔