بھارتی اداکار و گلوکار گرو رندھاوا فلم کیلئے اسٹنٹ کرتے ہوئے زخمی، اسپتال منتقل

بالی ووڈ کے معروف گلوکار اور اداکار گرو رندھاوا اپنی نئی فلم ”شونکی سردار“ کے لیے پہلا اسٹنٹ کرتے ہوئے شدید زخمی ہوگئے، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا۔ اتوار کے روز گلوکار نے انسٹاگرام پر ایک تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

شیئر کی گئی تصویر میں گرو رندھاوا اسپتال کے بستر پر لیٹے نظر آئے، ان کے ماتھے پر پٹی بندھی ہوئی تھی جبکہ انہوں نے گردن پر ایک سرویکل کالر پہن رکھا تھا۔ وہ کمزور مسکراہٹ کے ساتھ ہاتھ سے تھمز اپ کا اشارہ کر رہے تھے۔

اپنی چوٹ کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کیپشن میں لکھا، ’میرا پہلا اسٹنٹ، میری پہلی چوٹ، لیکن میرا حوصلہ نہیں ٹوٹا۔ ”شونکی سردار“ کے سیٹ سے ایک یادگار لمحہ۔ ایکشن کرنا بہت مشکل کام ہے، لیکن میں اپنی آڈینس کے لیے محنت کرتا رہوں گا۔‘

مداحوں کی جانب سے جلد صحت یابی کی دعائیں

تصویر شیئر ہوتے ہی مداحوں نے کمنٹ سیکشن میں گرو رندھاوا کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

ایک مداح نے لکھا، ’چیمپ، جلدی ٹھیک ہو جاؤ۔‘ ایک اور نے کہا، ’پاجی، جلدی ٹھیک ہو جاؤ۔‘

ایک صارف نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا، ’یہ پوسٹ دیکھ کر دل دکھا، پاجی، آپ سے محبت ہے۔‘ جبکہ ایک اور کمنٹ میں کہا گیا، ’ہمیں معیاری کام چاہیے، لیکن آپ کی جان یا صحت کی قیمت پر نہیں۔‘

”شونکی سردار“ کی ہدایتکاری دھیرج رتن کر رہے ہیں اور فلم میں گرو رندھاوا کے ساتھ ببّو مان، ہشنین چوہان، کرینا سوریلی، نمرت اہلووالیا اور ٹفنی کینیڈی بھی شامل ہیں۔

گرو رندھاوا لاہور، پٹولا، اشارے تیرے، ہائی ریٹڈ گبرو، سلو سلو اور تیرے تے جیسے سپر ہٹ گانوں کی وجہ سے مشہور ہیں۔ ان کا پہلا گانا ”سیم گرل“ تھا۔