بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں کچھ جرائم پیشہ عناصر کی جانب سے ایئرفورس بیس پر حملہ ہوا ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ بنگلہ دیشی فوج نے حملے کی تصدیق کردی ہے۔
ذرائع کے مطابق، ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت 30 سالہ مقامی تاجر شہاب کبیر کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں مبینہ طور پر گولی مار کر ہلاک کیا گیا۔
بنگلہ دیشی مسلح افواج کے تعلقات عامہ کے ادارے ”انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر)“ کی جانب سے جاری کردہ مختصر بیان میں کہا گیا، ’کاکس بازار ایئرفورس بیس کے قریب واقع سمیتی پاڑہ سے کچھ مجرموں نے ایئرفورس بیس پر حملہ کیا۔ بنگلہ دیش ایئرفورس اس حوالے سے ضروری اقدامات کر رہی ہے۔‘
اطلاعات کے مطابق، یہ حملہ زمین کے تنازع کے بعد پیش آیا، جو پیر کی صبح ایئرفورس اہلکاروں اور مقامی رہائشیوں کے درمیان جھڑپ کی صورت اختیار کر گیا تھا۔
جھڑپ کے دوران صورتحال اس وقت سنگین ہوگئی جب مقامی افراد نے پتھراؤ شروع کردیا، جس کے نتیجے میں دونوں جانب افراد زخمی ہوئے۔ تاہم، حکام نے زخمیوں کی صحیح تعداد نہیں بتائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔
طبی ذرائع کے مطابق، شہاب کبیر کو جھڑپ کے دوران گولی لگی تھی، اور انہیں کاکس بازار ڈسٹرکٹ صدر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے پر ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دے دیا۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مقتول کے سر کے پچھلے حصے پر شدید زخم آئے تھے۔
کاکس بازار کے ڈپٹی کمشنر محمد صلاح الدین نے کہا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی تاکہ تصادم کی وجوہات معلوم کی جاسکیں، اور ذمہ داروں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ادھر، سیکورٹی فورسز نے علاقے میں حفاظتی اقدامات مزید سخت کر دیے ہیں تاکہ صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے اور مزید کشیدگی کو روکا جا سکے۔