امریکی ریاست انڈیانا میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں لے پالک بچہ گھر چھوڑ کر جانے کی ضد کر رہا تھا۔ رضاعی ماں جینیفر لی ولسن نے بچے کو روکنے کے لیے اپنے 154 کلو وزنی جسم کے ساتھ اس پر بیٹھنے کا فیصلہ کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق، جینیفر کا کہنا تھا کہ جب بچہ درد سے کراہ رہا تھا تو اسے لگا شاید وہ ڈراما کر رہا ہے۔ جینیفر نے کچھ دیر مزید بچے پر بیٹھے رہنے کے بعد پایا کہ بچہ بے حرکت ہو چکا ہے۔
واقعے کے بعد پولیس نے بچے کو اسپتال منتقل کیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق، بچے کی گردن اور سینے کی ہڈیاں ٹوٹ چکی تھیں جبکہ جگر اور پھیپھڑوں کو شدید نقصان پہنچا تھا، جو اس کی موت کا سبب بنے۔
عدالت میں بیان دیتے ہوئے جینیفر نے کہا کہ اس کا مقصد بچے کو نقصان پہنچانا نہیں تھا بلکہ صرف اسے ڈرانا چاہتی تھی۔ عدالت نے غفلت اور لاپرواہی برتنے پر جینیفر کو 6 ماہ قید کی سزا سنا دی۔