پی ٹی آئی کی رہنما زرتاج گل نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا کوئی دین مذہب نہیں، ہم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ ہیں۔ ڈسٹرکٹ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے جعفر ایکسپریس کے واقعے کی بھرپور مذمت کی اور کہا کہ دہشتگردی ایک ناسور ہے اور دہشتگرد کا کوئی مذہب نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم اس کے خلاف اکٹھے ہوں، ہم اپنے عام شہریوں اور سکیورٹی فورسز کے جوانوں کی بہت نعشیں اٹھا چکے ہیں۔
زرتاج گل نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ یہ حکومت بہت ہی نکمی ہے، وزیروں مشیروں کی فوج ایسے اکٹھی کی ہوئی ہے جیسے ریوڑیاں بٹ رہی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ صدر، وزیراعظم اور ان کے وزراء فارم 47 کی پیداوار ہیں، صدر کی تقریر کا کسی کو کوئی پتا نہیں تھا، اس کی تحریر بعد میں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ ایک سنجیدہ مسئلہ ہے، سب کو اکٹھے بٹھائیں اور تقسیم برابر ہو تاکہ لڑائی نہ ہو۔
زرتاج گل نے کہا کہ نورین آپا، علیمہ آپا اور بشریٰ بی بی سب ہمارے لئے قابل احترام ہیں، علیمہ آپا ہمیں کوئی نصیحت کرتی ہیں تو ہم اس پر عمل کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا سب سے بڑا لیڈر اس وقت جیل میں ہے، قید کی صعوبتیں برداشت کر رہا ہے، بانی پی ٹی آئی ڈیل کر کے باہر نہیں گیا۔ اس تحریک میں عمران خان کی بہنیں، اہلیہ اور وکلا ان کے ساتھ ہیں۔ میڈیا میں کچھ خبریں آ جاتی ہیں جن کے سورس کا علم نہیں ہوتا، ایسی خبریں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔