جعفر ایکسپریس حملہ: بھارتی میڈیا دہشتگردوں کی حمایت میں وار فیئر کی قیادت کر رہا تھا، ڈی جی آئی ایس پی آر

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے ہمراہ اہم پریس کانفرنس کی۔

انہوں نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے حملے اور مسافروں کی بازیابی کے لیے کیے جانے والے آپریشن سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے جعفر ایکسپریس پر ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے جس طرح یرغمالیوں کی رہائی ممکن بنائی وہ قابل تعریف ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دہشت گردی کے لیے انتہائی دشوار گزار علاقے کا انتخاب کیا گیا اور جعفر ایکسپریس کو آئی ڈی دھماکے کے ذریعے روکا گیا۔ دہشت گرد کئی گروپوں میں تقسیم تھے، ایک گروپ نے بچوں اور عورتوں کو ٹرین کے اندر رکھا جبکہ باقی مسافروں کو باہر بٹھا لیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ ان دہشت گردوں کی سپورٹ میں بھارتی میڈیا وارفیئر چلا رہا تھا اور سوشل میڈیا پر جعلی ویڈیوز بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد افغانستان میں اپنے ہینڈلرز کے ساتھ رابطے میں تھے اور کچھ یرغمالیوں کو موقع ملا تو وہ بھاگ نکلے۔