"پی ٹی آئی کی سابق ایم پی اے مومنہ باسط کی دوسری شادی، کاروباری شخصیت مبشر حیات کے ساتھ نکاح"

ایبٹ آباد کی سیاست میں نمایاں مقام رکھنے والی تحریک انصاف کی سابق رکن صوبائی اسمبلی (ایم پی اے) مومنہ باسط نے ایک نئے زندگی کے سفر کا آغاز کر لیا۔ ان کا نکاح گزشتہ روز معروف کاروباری شخصیت اور ارتھ لنک کے سی ای او مبشر حیات کے ساتھ پی سی بھوربن میں سادگی سے انجام پایا۔

نکاح کی تقریب میں دونوں خاندانوں کے قریبی افراد نے شرکت کی اور اس پرمسرت موقع پر جوڑے کو مبارکباد دی۔ مومنہ باسط کی یہ دوسری شادی ہے جبکہ ان کے شوہر مبشر حیات کا شمار پاکستان کی ابھرتی ہوئی کاروباری شخصیات میں ہوتا ہے۔

مومنہ باسط نے ایبٹ آباد میں پی ٹی آئی کی سرگرم رہنما اور صوبائی اسمبلی کی رکن کی حیثیت سے نہ صرف مقامی سیاست میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ خواتین کی نمائندگی کے لیے بھی آواز بلند کی۔ ان کی شادی کی خبر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے، جہاں انہیں مبارکبادوں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

ایبٹ آباد کے شہریوں، دوستوں، پی ٹی آئی کے کارکنان اور سوشل میڈیا صارفین نے مومنہ باسط کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے اور ان کے اس نئے سفر کے لیے دعا گو ہیں۔