بھارت زوال پذیر

معروف امریکی تھنک ٹینک کونسل آن فارن ریلیشنز (CFR) نے ایک تہلکہ خیز رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کا اثرورسوخ زوال کا شکار ہو چکا ہے، جبکہ چین خطے میں مضبوط سفارتی، معاشی اور اسٹریٹجک پوزیشن حاصل کر چکا ہے۔

سی ایف آر کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے ہاتھوں جنگی شکست کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نہ صرف عسکری محاذ پر پسپا ہوئے بلکہ اب سفارتی محاذ پر بھی پے در پے ناکامیوں سے دوچار ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ خطے میں بھارت کی اجارہ داری ختم ہو چکی ہے اور جنوبی ایشیائی ممالک اب نئی قیادت اور شراکت داریوں کی طرف مائل ہو چکے ہیں۔ خاص طور پر چین کی اسمارٹ ڈپلومیسی اور وسیع سرمایہ کاری نے بھارت کو بیک فٹ پر دھکیل دیا ہے۔

سی ایف آر کے مطابق بنگلہ دیش، نیپال، سری لنکا اور مالدیپ جیسے بھارت کے قریبی اتحادی اب چین کے ساتھ مضبوط تعلقات قائم کر چکے ہیں۔

مالدیپ میں انڈیا آؤٹ تحریک کامیاب ہوئی اور نئی حکومت نے واضح طور پر چین سے دوستی کو ترجیح دی ہے۔ نیپال کی کمیونسٹ حکومت نے کھل کر چین کی حمایت کی اور بھارت کو نظرانداز کرنا شروع کر دیا ہے۔

سری لنکا کے نئے صدر نے چین کی معیشت کو رول ماڈل قرار دیا ہے، جو بھارت کے لیے بڑا دھچکا ہے۔ بنگلہ دیش میں عوامی سطح پر بھارت مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں یہ بھی تسلیم کیا گیا کہ پاکستان اور چین بطور ابھرتی ہوئی خطے کی طاقتیں نمایاں ہو رہے ہیں۔ چین کی اقتصادی سرگرمیاں اور انفراسٹرکچر منصوبے، خاص طور پر بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو، نے خطے میں ایک نیا توازن قائم کر دیا ہے۔

سی ایف آر کی رپورٹ میں واضح کیا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا میں بھارت کا غلبہ اب ماضی کا قصہ بنتا جا رہا ہے۔ چین کی حکمت عملی، سرمایہ کاری اور علاقائی اتحادوں نے مودی حکومت کی سفارتی تنہائی کو مزید گہرا کر دیا ہے۔