عیدالاضحیٰ کے دنوں میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان

محکمہ موسمیات نے عیدالاضحیٰ کے دوران ملک بھر میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا ہے، تاہم مغربی ہواؤں کے باعث بارشوں کا سلسلہ بھی متوقع ہے۔

ڈی جی محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں آج ملک میں داخل ہوں گی، جن کے باعث خطہ پوٹھوہار سمیت مختلف علاقوں میں آج شام سے بارش کا امکان ہے۔ آئندہ تین سے چار روز تک ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ادھر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (PDMA) نے بھی 2 سے 5 جون کے دوران تیز آندھی اور بارشوں کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاؤالدین، گجرات، جہلم، گوجرانوالہ، لاہور، سیالکوٹ، نارووال، قصور، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب، میانوالی، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور، اور بہاولنگر میں بارش اور تیز ہواؤں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کے مطابق بارشوں سے شدید گرمی اور ممکنہ ہیٹ ویو کی شدت میں کمی واقع ہوگی، تاہم شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔