الیکشن کمیشن نااہلی کیس: عمر ایوب کی استدعا منظور

الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف عمر ایوب کی نااہلی کیس میں وقت دینے کی استدعا منظور کر لی۔

الیکشن کمیشن میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف آرٹیکل 62 اور 63 کے تحت نااہلی کیس کی سماعت ہوئی۔

رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب سماعت پر الیکشن کمیشن پہنچے۔

دورانِ سماعت عمر ایوب نے استدعا کی کہ انہیں وکیل کرنا ہے، اس لیے انہیں وقت دیا جائے، بجٹ پراسیس چل رہا ہے، 27 جون کے بعد تک کیس کی سماعت رکھیں۔

ممبر کے پی نے عدالت میں کہا کہ آپ کا وکیل الیکشن کمیشن میں پیش ہوتا ہے۔

اس پر عمر ایوب نے عدالت کو بتایا کہ وہ وکیل میرے دوسرے کیس میں پیش ہو رہا ہے، میں فاننس کمیٹی کا رکن ہوں اور اپوزیشن لیڈر ہوں۔

درخواست گزار عمر ایوب کے وکیل نے اپنے مؤقف میں کہا کہ 90 دن میں کیس کا فیصلہ کرنا ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ اگست تک ہمارے پاس وقت ہے، یہ درست کہہ رہے ہیں کہ اپوزیشن لیڈر ہیں، بجٹ سے متعلق ان کی ذمہ داری ہے۔

بعدازاں عدالت نے عمر ایوب کی استدعا منظور کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر کے خلاف نااہلی کیس کی سماعت یکم جولائی تک ملتوی کردی۔