کورونا متاثرین کی تعداد میں ریکارڈ 6397 افراد کا اضافہ، مزید 107 اموات

نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ 6397 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ اسی دورانیے میں مزید 107 مریض ہلاک ہوئے ہیں۔

جمعرات کو سامنے آنے والے نئے مریضوں اور ہلاکتوں کے بعد اب مصدقہ متاثرین کی مجموعی تعداد 125933 جبکہ اموات کی ک±ل تعداد 2463 ہو گئی ہے۔

47382 متاثرین کے ساتھ پنجاب بدستور سرِفہرست ہے جبکہ سندھ میں مصدقہ متاثرین کی تعداد 46828، خیبر پختونخوا میں 15787، اسلام آباد میں 6699، گلگت بلتستان میں 1030، بلوچستان میں 7673 اور پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں 534 ہو چکی ہے۔

کنٹرول سینٹر کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر میں ریکارڈ 28,344 ٹیسٹ کیے گئے۔

جمعرات کے اعداد و شمار کے مطابق سندھ میں ہلاکتوں کی تعداد 776 ہے جبکہ پنجاب میں 890، صوبہ خیبر پختونخوا میں 632، دارالحکومت اسلام آباد میں 65، بلوچستان میں 75 ، گلگت بلتستان میں 15 اور آزاد کشمیر میں اموات کی ک±ل تعداد 10 ہو چکی ہے۔

اب تک ملک بھر میں مجموعی طور پر 40247 متاثرین صحت یاب بھی ہوئے ہیں۔