جمرود کے علاقہ ورمنڈو میلہ میں کنویں میں اترنے والے 6 مزدور زہریلی گیس سے جاں بحق ہوگئے جبکہ 3 افراد کی حالت غیر ہے۔
جمرود کے علاقہ ورمنڈو میلہ کے گاؤں بلبخت میں ایک شخص کنویں میں کام کرنے کے لئے اترا اور کافی دیر تک باہر نہ نکلا جس کی تلاش کے لئے دوسرا شخص بھی کنویں میں اتر گیا، اس کے یکے بعد دیگرے 9 افراد کنویں میں اترے والون کے بارے میں جاننے کے لئے اترتے رہے، جب کوئی بھی واپس نہ نکلا تو ریسکیو 1122 کو اطلاع دی گئی۔
ڈیزاسٹر اور میڈیکل ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ایمرجنسی آفیسر کی نگرانی میں سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا، 50 فٹ سے زائد گہرے اور تنگ کنویں میں 3 گھنٹے کی امدادی کارروائی میں تمام 9 افراد کو کنویں سے نکال لیا گیا، جنہیں فوری اسپتال منتقل کر دیا گیا تاہم 6 افراد دم توڑ گئے جن میں 2 سگے بھائی بھی شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر خیبر محمود اسلم وزیر نے واقعے پرغم و افسوس کا اظہار کیا ہے اور جاں بحق افراد اور جن کی حالت غیر ہے کے ان کے ورثاء کو امدادی رقم کے چیک حوالہ کردیئے۔ جاں بحق افراد کے لواحقین کو 3، 3 لاکھ جب کہ زخمیوں کو ڈیڑھ، ڈیڑھ لاکھ کے چیک پہنچائے گئے۔