امریکی خاتون بلاگر سنتھیا رچی پر مقدمہ درج کرنے کا حکم

اسلام آباد:  عدالت نے سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو پر الزام تراشی کرنے والی امریکی خاتون بلاگر سنتھیا ڈی رچی کے خلاف ایف آئی اے کو مقدمہ درج کرنے کا حکم دے دیا۔ اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پر13 جون کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا، عدالت نے ایف آئی اے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے بینظیر بھٹو پر مبینہ الزام تراشی پر امریکی خاتون بلاگر کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے اپنے تحریری فیصلے میں کہا ہے کہ بےنظیر بھٹو پاکستان کی سابق وزیراعظم اور لاکھوں لوگوں کی قائد تھیں، 12 سال بعد مرحومہ کو بدنام کرنے کے لئے انکشافات بظاہر بدنیتی پر مبنی ہیں، بےنظیر بھٹو کے فالورز کو متاثرہ فرد کے طور پر ٹریٹ کیا جاسکتا ہے، ایف آئی اے قانون کے مطابق کارروائی اور انکوائری کرے۔ واضح رہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدرشکیل عباسی نے شہید بےنظیر بھٹو پر الزامات عائد کرنے پرامریکی خاتون کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج کرنے کی استدعا کی تھی۔

دوسری جانب سنتھیا رچی کے خلاف اندراج مقدمہ کی ایک اور درخواست اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں دائر کرائی گئی، عدالت نے شہری ندیم مغل کی درخواست پر اسلام آباد کی سیشن عدالت نے ایف آئی اے سے جواب طلب کر لیا، فاضل جج جہانگیر اعوان نے ریمارکس دیئے کہ دوسرے مقدمے میں ایف آئی اے کا جواب آجائے پھر دیکھ لیتے ہیں۔