پشاور۔ کورونا وباء کے دوران مصیبت کی اس گھڑی میں مو ت اور زندگی کی جنگ لڑنے والوں کو ہمدردی اور مدد فراہم کرنے کی بجائے مفادپرست عناصر نے کوروناکے مریضوں کی صحت یابی کے لئے استعمال ہونے والا مخصوص انجکشن کی بلیک میں فروخت اور صحت مند مریضوں کا پلازمہ بھی فروخت کرنا شروع کر دیا ہے اس سلسلے میں سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں ایجنٹ سرگرم عمل ہو گئے ہیں۔
بعض نجی ہسپتالوں نے پیسے لیکر پلازمہ دینا شروع کیا ہے قانون نافذکرنے والے ادارے بھی اس حوالے سے چوکس ہو گئے ہیں اور انہوں نے مختلف سرکاری اور غیر سرکاری ہسپتالوں میں ایسے افراد کی نگرانی شروع کردی ہے ذرائع کے مطابق اس عمل کے بعد غریب مریض پلازمہ تھراپی سے محروم ہو گئے ہیں اور انکی زندگی کی آخری امید بھی ختم ہو تی نظر آرہی ہے،ذرائع کے مطابق بعض نجی ہسپتال انتظامیہ کورونا کے صحت مند مریض ڈونرز سے خفیہ طریقے سے رابطہ کر کے مبینہ طور پر پلازمہ خریدتی ہے اور زائد پیسوں میں زیر علاج امیر مریضوں کو فروخت کر رہی ہے،ڈونرز کی جانب سے پلازمہ مہنگے داموں فروخت کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔