پشاور۔دیا مربھاشا ڈیم کی تعمیر کے دوران زد میں آنے والے ثقافتی اورتاریخی ورثے کو محفوظ کرنے کے لیے کام شروع کرنے کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں اس مقصد کے لیے مینجمنٹ پلان کو حتمی شکل دی جارہی ہے پلان کامقصد دیا مربھاشاڈیم کی تعمیر کے باعث زیر آب آنے والی چٹانوں پر نقش کی گئی تصویروں اورتحاریر کو محفوظ بناناہے جبکہ چلاس فورٹ کی تزئین و آرائش بھی کی جائے گی میوزیم قائم کیاجائے گا مینجمنٹ پلان ورلڈ بینک،ایشیائی ترقیاتی بینک اوریونیسکو کے عالمی ماہرین نے تیار کیاہے پلان کے مطابق سات ہزار سال قبل مسیح سے لے کر 16ویں صدی عیسوی تک کے مختلف ادوار سے تعلق رکھنے والی پانچ ہزار اہم ترین تاریخی چٹانی نقوش کی تھری ڈی سکیننگ کی جائے گی
ان کاباقاعدہ ریکارڈمرتب کیاجائے گا جن چٹانوں کی منتقلی ممکن ہوگی ان کو منتقل کیاجائے گا جبکہ بعض کی نقول تیار کی جائیں گی سائٹ بینرز،سکرین اور علامات سمیت دیگر تمام احتیاطی تدابیر بھی اختیار کی جائیں گی مقامی لوگوں کو سیاحتی گائیڈ بننے میں مدد دینے کے لیے ان کی استعداد میں اضافہ بھی کیاجائے گا۔