پشاور۔صوبائی دارالحکومت پشاور میں لاک ڈاؤن ٗ سمارٹ لاک ڈاؤن کے بعد اب شہریوں نے ہاٹ سپاٹ لاک ڈاؤن کی بھی دھجیاں اڑانا شروع کردیں اور اس کی شکایات ملنے پر پشاور پولیس نے سخت ترین احکامات جاری کرتے ہوئے کسی قسم کی نرمی برتنے پر علاقہ ایس ایچ اوز ہی نہیں بلکہ ڈی ایس پی کیخلاف کاروائی کے احکامات جاری کردیئے بدھ کے روز پشاور گلبہار نمبر 4 سمیت مزید علاقوں میں ہاٹ سپاٹ لاک ڈاؤن نافذ کیاگیا تو اس پر نہ صرف پشاور پولیس کے اعلیٰ حکام بلکہ انتظامیہ کے علم میں بھی یہ بات لائی گئی کہ ہاٹ سپاٹ علاقوں میں لاک ڈاؤن عملی طور پر غیر موثر ہے جس سے وباء کے مزید پھیلنے کے خطرات بڑھتے جارہے ہیں
ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے سخت ترین احکامات جاری کئے جن میں ہاٹ سپاٹ علاقوں میں شیر فروش ٗ نانبائی ٗ پنساری اور میڈیسن کی دکانوں کے علاوہ کوئی بھی دوسری دکان کھلنے کی شکایت ملنے کی صورت میں علاقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ اوذمہ دار ٹھہرائے جائیں گے جن کے خلاف محکمانہ کاروائی کی جائیگی واضح رہے کہ بدھ کے روز پشاور کی انتظامیہ نے رپورٹس ملنے پر پشاورکے مزید علاقوں کو ہاٹ سپاٹ قراردیتے ہوئے سیل کردیئے ہیں واضح رہے کہ ہاٹ سپاٹ علاقوں میں کسی قسم کی سختی نہ برتنے پر اہل علاقہ نے بھی اس لاک ڈاؤن کو مذاق بنا رکھا تھا جس پر بدھ کے روز انتظامیہ اور پولیس حرکت میں آگئی ہے۔